شہر میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ – مستثنیٰ علاقے بھی متاثر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر میں 12 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جانے لگی بجلی بندش سے مستثنیٰ علاقےبھی متاثر ہونے لگے ۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے شہر میں 12گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے ،موسم میں اچانک تبدیلی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں لیاری،اورنگی،لانڈھی،قائد آباد ، کورنگی، شاہ فیصل ، ملیر،لیاقت آباد،گارڈن،رنچھور لائن، صدر، بلدیہ، کیماڑی، مواچھ گوٹھ،سلطان آباد،ماڑی پور،مشرف کالونی، بنارس، لسبیلہ، کالا پل،قیوم آباد،پرانا گولیمار،لائنز ایریا،منظور کالونی،بلال کالونی،رزاق آباد،گلشن حدید، چنیسر گوٹھ،محمود آباد،اعظم بستی،گرین ٹاؤن،ڈرگ روڈ،شیریں جناح کالونی، مچھر کالونی،نیو کراچی،ناظم آباد،نارتھ ناظم آباد،عبداللہ گبول گوٹھ شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں معمول کی لوڈ شیڈنگ کے اوقات بھی تبدیل کر دیئے گئے ہیں ،جس کے باعث شہریوں کو بجلی بندش کے اوقات کا بھی علم نہیں ہے ۔ ذرائع نے بتا یا کہ کے الیکٹرک نےگرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھاد یا ہے۔کے الیکٹرک نےبجلی پیداوار بڑھانے کے بجائے لوڈ شیڈنگ بڑھا دی ۔’’امت‘‘ کو ماڑی پور کے رہائشی شاہد نے بتایا کہ علاقے میں طویل بجلی بندش کا سلسلہ جاری ہے ،جب کہ ہیلپ لائن پر متعدد بار رابطے کی کوشش کے باوجود فون بھی نہیں اٹھایا جاتا ،انہوں نے بتایا کہ اتوار کو نیول کالونی ، جاوید بحریہ ، 500 کوارٹر ، مشرف کالونی ، پی اے ایف مسرور اور اطراف کے علاقوں میں صبح 8 بجے بجلی بند کی گئی ،جس کے بعد چند علاقوں کی بجلی 15 گھنٹے کے بعد رات 11بجے بحال کی گئی ،تاہم بیشتر علاقوں میں پیر کی صبح 7 بجے تک بجلی غائب رہی ، انہوں نے بتایا کہ علاقے میں 24گھنٹے بجلی بند رکھنے کے باوجود کے الیکٹرک نے دن بھر بجلی بندش کا سلسلہ جاری رکھا ۔ شاہ فیصل کالونی کے رہائشی عمیر نے بتا یا کہ گھنٹوں بجلی بندش کے باعث بچے بزرگ اور بیمار افراد شدید اذیت میں مبتلا ہیں ،علاقے میں دن کےعلاوہ رات کو بھی بجلی بند کر دی جاتی ہے ۔ جمشید روڈ کے رہائشی محمد حمزہ نے بتایا کہ ہمارا علاقہ لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی ہے ،لیکن کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے ۔ دن میں 3بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔لیاری نوالین کے رہائشی فیروز نے بتایا کہ علاقے میں 3بار تین تین گھنٹے کے لئے بجلی بندش معمول ہے ،تاہم اب رات میں بھی بجلی بند کر دی جاتی ہے ، ملیر کے رہائشی مبین نے بتایا کہ علاقے میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے۔این ٹی ڈی سی کے مطابق سپلائی میں کمی کے باعث پیر کے روز شہر کے کچھ علاقوں میں عارضی لوڈمینجمنٹ کی گئی تھی ۔صارفین کو زحمت سے بچانے کیلئے لوڈ مینج کرنے کے ہر ممکن اقدامات کئے گئے اور تمام دستیاب یونٹس کی جنریشن زیادہ سے زیادہ بڑھانے کو یقینی بنایاگیا۔کے الیکٹرک صارفین کو پہنچنے والی پریشانی پر معذرت خواہ ہے۔

Comments (0)
Add Comment