کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس نے ڈیفنس 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب مقابلے کے دوران فرار ہونے والے ملزم خالد کو آرٹلری میدان کے علاقے سے گرفتار کرلیا ۔ اختر کالونی سگنل کے قریب مقابلے کے دوران گولی لگنے سے کار میں سوار 10سالہ بچی ایمل جاں بحق جب کہ ملزم شہزاد بھی مارا گیا تھا ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ ایمل قتل کیس کے مرکزی ملزم خالد کو پولیس نے گرفتار کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے،ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ مقابلے میں ہلاک ملزم کی شناخت نہیں کی جاسکی تھی۔ مقابلے کے دوران پولیس اہلکاروں کی گولی لگنے سے متاثرہ فیملی کی بچی 10سالہ ایمل جاں بحق ہو ئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مفرور ملزم خالد کی مختلف طریقے سے تلاش کی جارہی تھی اور ٹیکنیکل سپورٹ کے ذریعے ملزم کو آرٹلری میدان کے علاقے سے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ،جس نے دوران تفتیش بتایا کہ مقابلے میں اس کا ساتھی شہزاد ہلاک ہوا تھا جو نیول کالونی کا رہائشی تھا اور میں رکشہ میں فرار ہو گیا تھا ۔ملزم نے اعتراف کیا کہ دونوں مقابلے کے روز 3 وارداتیں ڈیفنس میں کی تھیں ، چوتھی واردات کے لیے کار سوار فیملی کو لوٹا تاہم پولیس آنے پر مقابلہ شروع ہوگیا۔ڈی آئی جی نے کہا کہ دونوں ملزم رکشہ میں وارداتیں کرتے تھے، ملزم خالد 7 وارداتوں کا اعتراف کرچکا ہے جس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔