کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گرمی برقرار رہنے کے باعث شہر میں پیٹ، جلد سمیت دیگر امراض پھیلنے سے اسپتالوں میں یومیہ سیکڑوں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، صفائی فقدان اور غیر میعاری سرف و صابن کے استعمال سے فنگس، ایگزیما اور متعدی خارش سمیت دیگر جلدی امراض جبکہ کھانے میں بے احتیاطی سے گیسٹرو و پیٹ کے دیگر امراض بڑھ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث سول، جناح اور عباسی شہید سمیت دیگر اسپتالوں میں سینے و معدہ کی جلن اور سمیت پیٹ کے دیگر امرض کی شرح بڑھ گئی ہے۔ سول اسپتال میں یومیہ 400،جناح میں 350اور عباسی شہید اسپتال میں یومیہ 250سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ مریضوں کی بڑی تعداد نجی کلینکس پر بھی علاج کیلئے رجوع کر رہے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو کھانے میں اعتدال رکھنے، مرغن غذاؤں سے پرہیز اور پینے کا صاف پانی استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ 60فیصد بیماریاں آلودہ پانی سے ہوتی ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسکن ڈیزیز ( چمڑا اسپتال ) میں شہر کے مختلف علا قوں سے جلدی امراض کے یومیہ 3ہزار سے زائدمریض رپورٹ ہو رہے ہیں، جن میں سب سے زیادہ مریض فنگس کے ہیں جبکہ متعدی خارش، گرمی دانوں اور پھوڑے پھنسی سمیت دیگر جلدی امراض میں مبتلا مریض شامل ہیں، ان کے علاوہ خطرناک و دائمی جلدی مرض سورائسسز میں مبتلا افراد ڈاکٹروں سے مرض بڑھنے کی شکایت کر رہے ہیں۔ سینئر ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ صفائی ستھرائی کے فقدان اور کپڑے دھونے دھونے کیلئے غیر میعاری سرف و صابن کے مسلسل استعمال سے فنگس وبائی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے اور صرف اسکن اسپتال میں فنگس کے یومیہ ہزار سے زائد مریض آتے ہیں۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اسکن ڈیزیز ڈاکٹر اقبال نبی سومرو نے امت کو بتایا کہ اسپتال میں مریضوں کو تشخیص اور میعاری ادویات کی سہولیات بلامعاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مریضوں کو تاکید کی کہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق مکمل علاج کرائیں۔