کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نگران حکومت کے دور میں کئے گئے پولیس افسران کے غیر ضروری تقرری کے واقعات تبادلوں کی وجہ سے بچوں کے اغوا کے واقعات اور جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔صوبائی حکومت روک تھام کے لیے ایسی موثر حکمت عملی بنارہی ہے، جس کے مثبت نتائج چند دنوں میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جا نب سے وعدوں سے پھر جانا یوٹرن کی مثال بن چکا ہے۔200ارب ڈالر پاکستان میں لانے کا وعدہ کرنے والے 2ڈالر بھی نہ لاسکے۔صوبائی مشیر نے ایک سوال پر کہا کہ صدر مملکت اپنے پلاٹ سے متعلق شکایت کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں جمع کروائیں، جس کے بعد سندھ حکومت ان کا حق دلوائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت گندم افغانستان بھیجنے کے بجائے تھر کے عوام میں تقسیم کرتی تو زیادہ بہتر اقدام ہوتا۔ تحریک انصاف کے رہنما تھر سے انتخابات میں شکست کھانے کے بعد تھری عوام سے دشمنی کے باعث انہیں اب بھول چکے ہیں، جو انسا نیت کے خلا ف ہے۔