اسلام آباد(امت نیوز)پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے سرکاری اداروں کے مقدمات میں مبینہ طور پر بھاری فیس لینے کے مقدمے میں عدالت عظمی کی جانب سے عائد کیے جانے والے جرمانے کی رقم کو بھاشا ڈیم فنڈ میں جمع کروانے سے معذوری ظاہر کر دی۔اعتزاز کا کہنا تھا کہ اس طرح کا اقدام اعتراف جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے وکیل اعتزاز احسن نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ وہ ایسے معاملے میں ڈیم فنڈ کو نہ لے کر آئیں۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اعتزاز احسن سے استفسار کیا کہ وکلا اس ضمن میں سرکاری اداروں سے لی گئی فیس کا کتنے فیصد حصہ ڈیم فنڈ میں جمع کروائیں گے جس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ اس طرح ڈیم فنڈ میں رقم جمع نہیں کرائیں گے۔