نذیر حسین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر منصور احمد انتقال کرگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نذیر حسین یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ایشین یونین فورم کے وائس چیئرمین اور ڈپلومیٹک فورم کے مشیر میریٹوریئس پروفیسر ڈاکٹر منصور احمد کوئٹہ میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ مرحوم کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، جامعہ کراچی کے رجسٹرار و شعبہ فارما کو گنوسی میں میریٹوریئس پروفیسر بھی رہے۔ان کی نماز جنازہ جامع مسجد ابراہیم جامعہ کراچی میں ادا کرنے کے بعد جامعہ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ پروفیسر منصور احمد پیر کو امتحانات کے سلسلے میں کراچی سے کوئٹہ پہنچے تھے اور منگل کی شب دل کا دورہ پڑا۔اسپتال پہنچنے پر جانبر نہ ہوسکے۔مرحوم کے سوگواروں میں 2 بیٹے ، بیوہ اور سیکڑوں شاگرد شامل ہیں۔ڈاکٹر منصور احمد نے بحیثیت لیکچرر 1975ء میں جامعہ کراچی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 1986میں اسسٹنٹ پروفیسر، 1989ء میں ایسوسی ایٹ پروفیسر، 1997ء میں پروفیسر جبکہ 2008ءمیں میریٹوریس پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔انہیں علمی خدمات پر 14اگست 2000کو سابق صدر پرویز مشرف نے تمغہ اعزاز فضیلت بھی دیا۔وہ بحیثیت وزیٹنگ پروفیسر بیرون ممالک میں بھی اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ڈاکٹر منصور جامعہ کراچی میں سیکریٹری الحاق کمیٹی، قائم مقام ڈائریکٹر شعبہ تصنیف و تالیف و ترجمہ ، رئیس کلیہ علم الادویہ،چیئرمین شعبہ فارما کوگنوسی، چیئرمین ایکولینس کمیٹی اور قائم مقام رجسٹرار کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ان کے 132سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہوچکے ہیں، جبکہ ہربل میڈیسن پر اب تک انہوں نے 7 سے زائد کتابیں لکھی ہیں۔وہ 35سے زائد طلبا و طالبات کے ایم فارم ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سپروائزر بھی رہے ہیں۔اسی کے ساتھ پروفیسر منصور احمد ایشین یونین فورم کے وائس چیرمین اور ڈپلومیٹک فورم کے مشیر بھی رہے۔ میریٹوریئس پروفیسر منصور احمد کے انتقال پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، سردار یاسین ملک ، پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری،صدر انجمن اساتذہ پروفیسر جمیل کاظمی، پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر، پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر، ایشین یونین فورم کے چیئرمین وسیم یاسین، صدر ڈاکٹر منور حسین، جنرل سیکٹری طارق شاداب، بیرسٹر خواجہ نوید احمد، حنیف نبیل خان، ڈاکٹر محبوب عالم، ڈاکٹر فریال ولی، اطہر عبداللہ، ڈپلومیٹک فورم کے صدر آصف ہارون، پروفیسر شاہدہ وزارت، راشد احمد صدیقی، ڈاکٹر زبیر مرزا، قطری قونصل خانے کے مشیر انوار ملک،بریگیڈیئر(ر) اختر نواز،کرنل(ر) اسد ، بریگیڈیئر(ر) حارث، بریگیڈیئر (ر)طارق خلیل نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ڈاکٹر اجمل خان نے کہا کہ مرحوم کو شعبہ فارمیسی کی ترویج اور ہربل میڈیسن کے فروغ کے لئے خدمات انجام دینے پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وہ اپنی عاجزی، نیک طبیعت اور تعلیم دوستی میں بے مثال تھے۔

Comments (0)
Add Comment