دشمن کیخلاف کامیابی کیلئے فوج- عوام کا اتحاد ناگزیر ہے-مقررین

کراچی (پ ر) رابطہ فورم انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ’’پاکستان کی سلامتی سویلین و مسلح افواج کی قربانیاں‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں مقررین نے جنگ ستمبر میں نمایاں کارناموں پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پروفیسرز، وکلا، صحافی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے جبکہ کراچی یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات کے طلبہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا کہ تقسیم ہند کے بعد سے ہماری شہادتوں کا تسلسل جاری ہے جس میں 1948، 1965، 1971 اور کارگل کی جنگ کے بعد گزشتہ کئی سال سے جاری دہشت گردی کیخلاف جنگ شامل ہے۔ نصرت مرزا نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے ماضی میں روایتی حریف کو اس کی حد میں رکھا اور اب دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں ہماری افواج نے 60 ہزار جانوں کی قربانی دیکر بڑی کامیابی حاصل کیں۔ وائس ایڈمرل (ر) آصف ہمایوں نے کہا کہ موجودہ سنگین حالات میں جب ہم کئی اطراف سے پراکسی وار میں گھرے ہوئے ہیں ہمیں 1965 کی طرح اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور کشمیریوں کے ساتھ مل کر بھارت کیخلاف لڑنا ہوگا۔ کموڈور (ر) سید عبیداللہ نے کہا کہ کوئی بھی ملک بیرونی جارحیت کا مقابلہ نہیں کرسکتا جب تک کہ اس کے عوام اپنی افواج کی پشت پر نہ کھڑے ہوں۔ پروفیسر عدنان فاروقی نے کہا کہ ہمارے خلاف نظریاتی میدان میں سائبر جنگ لڑی جارہی ہے۔ جس سے نمٹنے کیلئے ہمارے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا جس فوج کی آئیڈیالوجی وہ کبھی شکست نہیں کھاتی، ہمیں ٹیکنالوجی کا استعمال بہت بہتر انداز سے کرنا ہوگا۔ محمد ایاز نے کہا کہ موجودہ دور میں دشمن ہمارے سامنے نہیں آرہا بلکہ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے منافرت پھیلاکر ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے۔ ولید اے آر خٹک نے کہا کہ ہماری افواج نے عوام کے ساتھ مل کر دشمن کو ناکام بنایا۔

Comments (0)
Add Comment