کراچی(خبرایجنسیاں)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی نہ ہونے کے سبب صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے ۔وزیر خارجہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے ایئر پورٹ پر لائن میں کھڑےہونے کا فوٹو سیشن کرانے میں لگے ہیں۔وزیر خارجہ فوٹوسیشن کے بجائے خطے میں کشیدگی ختم کرانے پر سنجیدگی سے توجہ دیں۔ پاک بھارت بات چیت ہونی چاہیے۔جنگ کسی چیز کا علاج نہیں ۔سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےصوبائی وزیر نے کہا کہ تھرمیں گندم کی مفت تقسیم شروع ہو گئی ۔کراچی میں اسٹریٹ کرائم و بچوں کے اغوا کے معاملات کا وزیر اعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سخت نوٹس لیا ہے۔پولیس اور دیگر اداروں نے امن و امان کی بحالی کے لئے مثبت اقدامات شروع کردیے ہیں۔