کراچی(اسٹاف رپورٹر) یوسی15 گارڈن کیلئے فرنیچر، اسٹیشنری و دیگر کاموں کیلئے جاری 19لاکھ روپے کا فنڈ متحدہ یوسی چیئرمین وحید بلوچ ہڑپ کرگیا، علاقہ مکینوں نے خستہ حال آفس آنا چھوڑ دیا ہے، جنرل کونسلر نے اینٹی کرپشن یونٹ کو درخواست لکھ دی ہے، جس پر اینٹی کرپشن یونٹ نے سیکریٹری ضلع شرقی سرور بگٹی سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ذرائع نے امت کو بتایا ہے گارڈن یوسی 15کیلئے ہرماہ لاکھوں کا ترقیاتی فنڈ جاری ہوتا ہے، تاہم یوسی 15کا خستہ حال مرکزی دفتر کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، جہاں تمام کرسیاں اور فرنیچر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، پنکھے صرف نام کے لگے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ فنڈ کا آدھا حصہ وحید بلوچ متحدہ کے کارکنان سمیت سرور بگٹی کو بھی دیتا ہے۔ مذکورہ معاملے پر جنرل کونسلر نے اینٹی کرپشن یونٹ ایسٹ سمیت ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی کمشنرشرقی کو ایک درخواست بھی لکھی ہے، جس میں بتایا گیا کہ سیکریٹری شرقی سرور بگٹی نے یوسی اکاؤنٹ سے 19لاکھ روپے غبن کرلئے ہیں اور مجھ سمیت تمام کونسلرز کے جعلی دستخط کرکے 19-2018 کے بجٹ کو منظور کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ درخواست میں بتایا گیا کہ یوسی آفس میں فرنیچر اور اسٹیشنری کے نام پر کوئی چیز نہیں ہے، لہٰذا آپ 19 لاکھ روپے کا ریکارڈ چیک کروائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ درخواست پر اینٹی کرپشن یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے سیکریٹری سرور بگٹی کو طلب کرلیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ دفتر کیلئے فرنیچر سمیت دیگر چیزوں پر پیسے خرچ کئے گئے ہیں۔ اینٹی کرپشن یونٹ نے درخواست گزار کو بھی طلب کیا، جس پر انہوں نے کہا کہ یوسی آفس جا کر دیکھا جائے کہ 19لاکھ روپے کہاں خرچ کئے گئے ہیں۔ موقف لینے کیلئے متحدہ یوسی چیئرمین وحید بلوچ کو ان کے نمبر پر متعدد کالز کی گئیں، تاہم انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔