6 اہلکاروں کے قاتل سمیت 3 متحدہ دہشت گرد گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس اور رینجرز نے متحدہ لندن کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، جن میں ایک دہشت گرد نے 2 پولیس افسران سمیت 6 اہلکاروں کو قتل کیا تھا اور بچنے کے لیے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔دیگر کارروائیوں میں 400 وارداتوں میں ملوث 6 رکنی گروہ سمیت 10ملزمان پکڑے گئے۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی آپریشن ون نے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرکے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر شان صابر عرف شاہنواز عرف شانی عرف شانو عرف ڈان ولد صابر کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر 2008 سے پولیس اہلکاروں کے قتل، مقابلوں، ٹارگٹ کلنگ اور جلائو گھیرائو کی وارداتوں میں کورنگی صنعتی ایریا،عوامی کالونی، لانڈھی اور سی ٹی ڈی کے مقدمات میں اشتہاری و مفرور تھا۔ملزم نے 2014 میں لانڈھی نمبر 6 میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر پولیس موبائل پر فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار اے ایس آئی نعیم خان ،سپاہی محمد آصف اور سپاہی خلیل احمد شہید ہوئے۔ 2014 میں لانڈھی ہی میں ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ ایک اور پولیس موبائل پر فائرنگ کی، جس میں 3 پولیس اہلکار اے ایس آئی محمد جاوید ، ہیڈ کانسٹیبل محمد عاصم اور سپاہی فدا حسین شہید ، جبکہ ایک سب انسپکٹرشہزادو خان زخمی ہوا تھا، جس کا مقدمہ لانڈھی تھانے میں درج ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف ضلع کورنگی کے 5 تھانوں اور سی ٹی ڈی میں 3 مقدمات درج ہیں۔ملزم خود کو بچانے کیلئے اب پی ایس پی میں شامل ہوچکا ہے۔اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر سکندر جاوید عرف جاوید اے پی ایم ایس او والا کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 5 ستمبر 2011 کو اے این پی کے مشتاق ولد محمد اکبر کو اغوا کے بعد قتل کیا اور لاش بوری میں بند کرکے پھینک دی تھی۔بوری میں پرچی رکھی جس پر لکھا تھا اے این پی والوں کو عید کا تحفہ۔واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 580/2011 تھانہ سچل میں درج ہے۔رینجرز نے ناظم آباد کے علاقے سے متحدہ لندن کے اغوا کار اور بھتہ خور سہیل عرف آنی کو گرفتار کرلیا۔بلال کالونی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی 400 سے زائد وارداتوں میں ملوث گینگ کے 6 ملزمان عون رضا، عاقب، جہانگیر، شاہ زیب، عبدالرحمن اور دانیال کو گرفتار کر کے اسلحہ، 2 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔سی ٹی ڈی نے پاک کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار فیصل پٹھان گروہ کے بھتہ خور محمد عرفان کو گرفتار کرلیا، جو ڈکیتیوں ، پولیس مقابلوں اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث ہے۔پولیس نے دوسری کارروائیوں میں 3 ملزمان محمد فیصل، دانش اور نور محمد کو گرفتار کرکے چھینی گئی سوزوکی پک اپ نمبر KT-2106، مسروقہ موٹرسائیکلیں نمبر KIL-0079 اور نمبر KDX-0090 برآمد کرلی ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment