لاہور (امت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر کپتانی سے علیحدگی کی تلوار لٹکنے لگی۔ اگر انہیں گرین شرٹس کی قیادت سے ہٹا دیا گیا تو وہ ٹیم کا بھی حصہ نہیں بن سکیں گے، کیونکہ ان کی ذاتی کارکردگی بھی اطمینان بخش نہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے ایشیا کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔ پنجاب اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایشیاکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔حنا پرویز بٹ نے قرارداد میں کہا کہ روایتی حریف بھارت سے مسلسل دوسری شکست سے پوری قوم کو دلی صدمہ ہوا ہے اور پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ قومی خزانے سے کرکٹ ٹیم پرسالانہ کرڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں ۔