اغوا -ڈکیتی واقعات میں ‘‘کریم ڈرائیورز’’ کے ملوث ہونے کا انکشاف

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر کریم ٹیکسی سروس کے ڈرائیورز کی جانب سے ڈکیتی اور اغوا کی کوشش کے2واقعات سامنے آئے ہیں۔ فیس بک پر سیدہ علینا سعیدنامی خاتون نے 26 ستمبر کو پوسٹ کی کہ 24ستمبر کو کریم ڈرائیور نے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے مسلسل احتجاج کے باوجود ڈرائیور کورنگی کریک کے سنسان راستے کی طرف گاڑی لے جارہا تھا۔ بعد ازاں وہ ہینڈ بریک کھینچ کر گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی تھیں،تاہم گاڑی سے اترنے کے بعد ڈرائیور نے ان کا پیچھا کیا اور ان پر حملہ کیا، جس سے ان کے بازوؤں پر خراشیں بھی آئی تھیں۔ علینا کی ای میل پر کریم سروس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملوث ڈرائیور کو فارغ کردیا ہے۔ علینا کا کہنا ہے کہ وہ ایف آئی آر درج کروائیں گی۔ دوسری شکایت فیس بک گروپ سول سسٹرز پر27ستمبر کو کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کریم ڈرائیور نے ڈی ایچ اے میں انہیں لوٹا تھا۔ متاثرہ خاتون نے بدھ کی شام ایک رائیڈ بک کروائی کی تھی جس دوران کریم ڈرائیور نے سنسان علاقے میں انہیں گن پوائنٹ پر لوٹ لیا تھا۔ پوسٹ کے مطابق ڈرائیور نے ان سے پیسے چھینے اور موبائل لیکر کریم ایپ ڈیلیٹ کرکے موبائل واپس کردیا۔ ترجمان کریم نے بتایا کہ کمپنی معاملے سے متعلق تفتیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈرائیور قصوروار نکلا تو اسے نیٹ ورک سے بلاک کردیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment