کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے چکرا گوٹھ فائرنگ، پولیس اہلکار کے قتل اور غیرقانونی اسلحہ کے مقدمات میں مفرور متحدہ کی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی سمیت 5 دہشتگردوں کو اشتہاری قرار دے دیا ۔جمعرات کے روز سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مقدمات کی سماعت پر ٹارگٹ کلر رئیس مما اور کامران مادھوری کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے کیس میں مفرور متحدہ کے تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی سمیت5ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے رئیس مما اور کامران مادھوری کو مقدمات کی نقول فراہم کر دیں۔ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔ جب کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے اقدام قتل، پولیس مقابلہ، دھماکہ غیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سے متعلق کیس میں جرم ثابت ہونے پر 4مجرمان امتیاز، غلام عباس، عرفان علی اور سعیدکو مجموعی طور پر 31، 31سال قید کی سزا کا حکم دے دیا اور دیڑھ دیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا ، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مجرمان کو مزید ایک سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے 6پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث متحدہ کے دہشت گرد شاہ صابر عرف ڈان کو 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس لے حوالے کردیا ہے۔جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ایم کیوایم سیکٹر انچارج ریحان عرف بہاری کی سزا کالعدم قرار دیدی۔