آئی جی کی ڈرائیونگ لائسنس کیلئے موبائل ٹیمیں بنانے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن کا دورہ کیا اور لائسنس کے حصول کے لیئے آنیوالے شہریوں سے بات چیت کی اورلرننگ لائسنس/مستقل لائسنس کےاجرا و حصول وتجدید کے جملہ امور کو مزید آسان اور عوام دوست بنانے سے متعلق ڈی آئی جی ڈی ایل ودیگر اسٹاف کو موقع پر ہی احکامات دیئے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ڈی ایل فرحت جونیجو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران صوبائی سطح پر490148 ڈرائیونگ لائسنس شہریوں کو جاری کیئے جاچکے ہیں۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ سندھ کے دور دراز اور مضافاتی علاقوں میں ڈرائیونگ لائسنس کی خواہش رکھنے والے امیدواران کی آسانی اور لرننگ لائسنس کے اجراکے لیئے باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس موبائلز ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ علاوہ ازیں کراچی کے لیئے زون کی سطح پر بھی مزید دو ڈرائیونگ لائسنس موبائل ٹیمیں بنائی جائیں جو شہریوں کو لرننگ لائسنس کے اجراءکے عمل کو آسان اور یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام کالجز جامعات کے طلباکو ٹریفک قوانین کی پاسداری حادثات سے بچاؤ سمیت روڈ سیفٹی کے حوالے سے جملہ معلومات پر مشتمل باقاعدہ تربیتی نشست کے تحت آگاہی دی جائے۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ڈی ایل برانچز کے افسران وجوانوں کو ناصرف ریفریشر کورسز کرائیں جائیں بلکہ انہیں پستول بھی آلاٹ کیئے جائیں۔انہوں نے ہدایات دیں کہ تقرریاں وتبادلوں کے عمل میں میرٹ اور اہلیت کو فوقیت دی جائے۔

Comments (0)
Add Comment