اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔ کے الیکٹرک کو طویل لوڈشیڈنگ ، بجلی کی پیداواری صلاحیت اور ترسیل میں ناقص کارکردگی پر جرمانہ کیا گیا۔ نیپرا کی ٹیم نے کراچی کا دورہ کر کے سہولتوں کا جائزہ لیا۔ نیپرا کے اعلامیہ کے مطابق 2017ء کے رمضان المبارک میں صارفین کو طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ کے الیکٹرک بلا امتیاز بجلی کی فراہمی کرنے میں ناکام رہی جس سے شہریوں نےشدید پریشانی اٹھائی۔اس دوران کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے۔ کراچی کا دورہ کرنے والی ماہرین کی کمیٹی کو مختلف علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا سامنا رہا اور انہوں نے رپورٹ میں شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔اس حوالے سےکے الیکٹرک ترجمان نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک قانون کی پاسداری کرنے والا ذمہ دار ادارہ ہے جو تمام آپریشنز متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق سر انجام دیتا ہے ، نیپرا کے فیصلے پر نظر ثانی کے لئے ریگولیٹری اتھارٹی سے رابطہ کیا جائے گا ۔