کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقتولہ ارمش کے اہلخانہ کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ اکلوتی ارمش 6سال بعد بڑی منتوں مرادوں سے پیدا ہوئی تھی۔ارمش کے والد کا شیشے کا کاروبار ہے۔ مقتولہ کے دادا شوکت نے ‘‘امت’’ کو بتایا کہ ارمش ہماری اکلوتی پوتی تھی اور کچھ دن پہلے ہم نے اس کی چھٹی سالگرہ منائی تھی، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور نا ہی محلے میں ہمارا زیادہ کسی کے گھر آنا جانا ہے۔ارمش کے والد شیشے کا کاروبار کرتے ہیں، وہ صبح اپنی دکان جاتے ہیں اور رات کو گھر آتے ہیں۔ واقعے والے روز بھی ارمش معمول کے مطابق کھیلنے گھر سے باہر گئی تھی اور گھر کے باہر میں نے بھی اسے کھیلتے دیکھا تھا مگر ایک گھنٹے بعد جب میں باہر نکلا تو مجھے معلوم ہوا کہ گلی کے کونے سے کسی بچی کی لاش ملی ہے، یہ سن کر اور ارمش کو گھر اور گلی میں نہ پا کر جب میں اسپتال پہنچا تو نہایت دردناک منظر دیکھا کہ جس کی لاش ملی تھی وہ اور کوئی نہیں بلکہ میری پوتی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پولیس سے اپیل ہے کہ ارمش کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔