جہانگیر ترین کےساتھ جوہوا اچھا ہوا۔پی ٹی آئی رکن اسمبلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیاء نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ جو کچھ ہوا اچھا ہوا۔سندھ اسمبلی میں بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر سیما ضیاء نے جہانگیر ترین کی کرپشن کیس میں نااہلی سے متعلق کہا کہ ملک میں جو بھی کرپشن کریگا اس کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے ڈائریکٹر ندیم قمر1995 میں سینئررجسٹرار کے طور پر آئے اور اس وقت ان کی تنخواہ 50 لاکھ روپے ہے،انہیں کئی بار ری اپائینٹ کیا گیا۔ سیما ضیا نے الزام لگایا کہ ڈاکٹرندیم بغیر ٹینڈر من پسند لوگوں کو ادویات اور آلات کی خریداری کے ٹھیکے دے چکے ہیں اور ان کے خلاف نیب ریفرنسز ہیں۔وہ کس کے منظور نظر ہیں۔ ڈاکٹر سیما نے بتایاکہ سرجن ڈاکٹر ندیم رضوی دہری شہریت کے حامل ہیں، ان کے پاس پی ایم ڈی سی کی رجسٹریشن نہیں وہ 6 ماہ ملک سے باہر اور 6 ماہ پاکستان میں ہوتے ہیں۔اعتراضات پر جواب دیتے ہوئے پی پی کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ڈاکٹر ندیم رضوی صوبے کے لوگوں کی خدمت کرنے بیرون ملک سے آئے ہیں جبکہ ڈاکٹرندیم قمر کی ملازمت میں توسیع کے لیے تمام قواعد پورے کیے گیے، دونوں پر الزامات غلط ہیں۔جمعہ کو اجلاس شروع ہوا تو پیپلزپارٹی اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے یکساں مطالبہ کیا گیا کہ پہلے دوسرا فریق معافی مانگے تبھی اجلاس کی کارروائی چل سکے گی۔ایوان سے خطاب میں شرجیل میمن نے کہاکہ اپوزیشن نے ابتدا کی ہے وہی معافی مانگے۔ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ حکومت کو معافی مانگنا ہو گی۔ طے کیا گیا تھا کہ اجلاس سے قبل حزب اقتدار گزشتہ روز کے بیان پر معافی مانگے گی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر سیما ضیاء نے کہا کہ میں اجلاس کا بائیکاٹ کرکے آئی ہوں،میری تقریر مکمل ہونے نہیں دی گئی، صوبے کے ایشوز رہ گئے۔انہوں نے کہا انکے جہانگیر ترین کے بارے میں بیان کا مطلب تھا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔جہانگیر ترین قابل احترام ہیں، پارٹی کے لیے ان کی قربانیاں ہیں۔

Comments (0)
Add Comment