کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ کراچی تمام قوموں کا گلدستہ اور ملک کا معاشی حب ہے اس کے ساتھ ناانصافی ظلم سے کم نہیں۔ہم ہجرت کرکے اپنے قبرستان چھوڑ کر قائد اعظم کے پاکستان آئے تھے اس لئےاپنے مہاجر ہونے پر فخرہے وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو صوبے کا نظام چلانے کا اختیار ہے مگراسے وسائل ہڑپ کرنے کا حق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے بجٹ تقریر میں اعلان کیا کہ کوئی نئی گاڑی نہیں خرید ی جائے گی لیکن مختلف اضلاح کے ڈپٹی کمشنر ہر سال نئی گاڑی خریدتے ہیں وفاتر کی آرائش پر 25،25لاکھ خرچ کئے جاتے ہیں یہی حال وزرا اور مشیروں کا بھی ہے بلٹ پروف گاڑی کیلئے رقم مختص کی جاتی ہے ان کے گھروں پر ایک ایک کروڑ روپے فرنیچر اور دیگر سامان کی خریداری پر خرچ ہو تے ہیں اس وجہ سے ترقیاتی بجٹ 50 ارب سے کم ہوکر 22ارب روپے رہ گیا ہے پی ٹی آئی رکن ڈاکٹر سیما ضیا نےکہا کہ جہانگیر ترین نے بھی اگر غلط کام کئے ہیں تو ان کا بھی احتساب ہونا درست ہے کرپشن میں کسی کو نہ چھوڑا جائے ۔وزیراعلیٰ ، اپوزیشن لیڈر اور وزرا آج عام بحث میں حصہ لیں گے ۔