سری نگر سے دولہا-دلہنیا لینے اسلام آباد پہنچ گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)جب دلوں سے دلوں کا تال میل رب کو منظور ہو تو پھر کوئی جبری تقسیم آڑے نہیں آتی اور نہ سرحدی فاصلے معنی رکھتے ہیں اور نئے رشتوں کی ڈور بندھ ہی جاتی ہے۔ ایسے ہی خوبصورت ملن کی شام اسلام آباد کے ایک نجی شادی ہال میں سجی۔ شادی کی یہ تقریب اس لحاظ سے منفرد تھی کہ دلہامقبوضہ سرینگر سے اپنی دلہنیا کو لینے آیا تھا۔ خواجہ احسان اللہ اس دیس کا باسی ہے جہاں بھارتی افواج اس تاک میں رہتی ہے کہ وہ خوشیوں کو خاک میں ملادے زندگی کی رنگینیوں میں انسانی لہو کا رنگ گھول دے۔ تحریک آزادی کشمیر کے نامور مجاہد و متحدہ جہاد کونسل کے بانی سربراہ تنویر الاسلام کی صاحبزادی کہکشاں کی شادی میں شرکاکی دلچسپی اس لیے بھی کچھ جذباتی سی تھی کہ دلہا ایک شہید کا بیٹا ہے۔سرینگر سے تعلق رکھنے والے خواجہ احسان اللہ بارات لے کر واہگہ بارڈر کے ذریعے اسلام آباد پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ،بارات کے ساتھ آنے والے افراد کیلئے میزبانوں نے ان کے شایان شان رہائش اور طعام و قیام کا بندوبست بھی کر رکھا تھا۔ولیمہ کی تقریب میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سمیت قائم مقام صدر آزادکشمیر شاہ غلام قادر، سینیٹر ساجد میراور ممتاز صحافی و ٹی وی اینکر حامد میرو دیگر اہم شخصیات نے ان لمحات کو مزید یادگار بنایا۔

Comments (0)
Add Comment