جنریٹر کیلئے کارخانہ دار یومیہ 9ہزار کا ڈیزل خریدنے پر مجبور

کراچی(اسٹاف رپورٹر)غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ بجلی نگر کا ہر تاجر جنریٹر پر کام چلانے کیلئے یومیہ 9 ہزار تک کا ڈیزل خریدنے پر مجبور ہے۔علاقے میں 3بار اعلانیہ ڈھائی گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ۔بجلی بندش کا دورانیہ صبح8بجے سےدن ساڑھے10بجے،دوپہر ڈیڑھ بجے سےسہ پہر4بجے جبکہ شام 6بجے سے لے کر رات ساڑھے 8بجے تک اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہوتی ہے ۔اس علاقے میں ڈھائی ڈھائی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی کی جاتی ہے۔بجلی کی بندش کے باعث کام نمٹانے میں رکاوٹوں کے باعث تاجر روزانہ ہزاروں روپے کا ڈیزل خریدتے ہیں ۔علاقے میں علی الصبح ہی کارخانوں کو ڈیزل فراہم کرنے والی گاڑیاں آ جاتی ہیں جبکہ بعض تاجر قریبی پیٹرول پمپوں سے بھی ڈیزل خریدتے ہیں۔ ’’امت‘‘ کو تاجر ذوالفقار شاہ نے بتایا کہ ان کی لوم مشینوں کی 2فیکٹریاں ہیں جہاں کپڑا تیار کیا جاتا ہے اور ان کے پاس 60ملازمین کام کرتے ہیں۔بجلی نہ ہونے پر لوم مشین چلانے کیلئے جنریٹر استعمال کرنا پڑتا ہے۔ فی گھنٹہ8لیٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے۔ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت 96روپے ہے۔ پی ایم ٹی میں کسی خرابی یا تار ٹوٹنے پر اضافی کئی گھنٹے بند رہتی ہے ۔ ایسے میں آرڈر پورے کرنے کیلئے جنریٹر کا استعمال مجبوری بن جاتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment