کراچی(اسٹاف رپورٹر)تاجروں نے کے الیکٹرک کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے بجلی نگر میں بجلی کی مسلسل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجر برادری نے احتجاج کا فیصلہ کر لیا ہے۔’’امت‘‘ کو اسمال انڈسٹریز کے انفارمیشن سیکریٹری حیات اللہ نے بتایا کہ بجلی کمپنی کی اووربلنگ و لوڈشیڈنگ سے ان کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے، کاریگروں کو تنخواہ دینے کے پیسے بھی نہیں ہیں۔ہم کے الیکٹرک کی بے حسی سے تنگ آ چکے ہیں ،متعدد درخواستوں کے باوجود بلا تعطل بجلی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ ہم اس سے قبل بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف غنی چورنگی پر احتجاج کر چکے ہیں۔ اب بھی اگر کے الیکٹرک حکام نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو وہ بجلی کمپنی کی انتظامیہ اور کے عملے کیخلاف بھر پور احتجاج کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مذکورہ احتجاج پربھی کوئی اقدامات نہ کئے گئے تو پریس کلب پر کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دیا جائے گا۔