کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ شہر میں 10ہزارکیمروں کی تنصیب کیلئے جلد سفارشات ترتیب دیکر سندھ حکومت کو ارسال کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ پولیس کے امور و جاری منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ ڈی آئی جی آئی ٹی نے کمپیوٹرائزیشن،آئی ٹی کیڈرمیں بھرتی، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، مددگار15کی تکنیکی معاونت، پولیس ویب سائٹ سمیت دیگر اہم امور پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 4700 پولیس اسٹاف کو آئی ٹی تربیت دی جاچکی ہے۔ آئی جی نے کہا کہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کو دوبارہ ایس ایچ اوز تعینات نہ کیا جائے جبکہ آئی ٹی شعبہ سی پی او سے کہا کہ ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز کی مختلف ڈویژنز/تھانوں میں مدت تعیناتی کا ریکارڈ بھی باقاعدہ محفوظ کیا جائے، پاک فوج کی طرز پر پولیس ریکروٹمنٹ سینٹرز کے قیام کے حوالے سے جامع سفارشات جلد تیار کی جائیں، سی پی او کے تمام اسٹاف کو آئی ٹی کی تربیت کے اقدامات اٹھائے جائیں اور جنہوں نے تربیت حاصل کررکھی ہے انہیں بھی ریفریشر کورسز کرائے جائیں، شہر کے پوائنٹس پر 10ہزار سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے متعلق سفارشات جلد سے جلد حکومت سندھ کو ارسال کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں نصب دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کے کیمروں کو سی پی اوسے لنک کرنے کیلئےاجلاس بلایا جائے اور جرائم کیخلاف مشترکہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔