کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ غیر ملکی صحافیوں کی آمد شہر میں امن کا ثبوت ہے۔ یہاں سرمایہ کاری کیلئے نہایت موزوں حالات ہیں۔ سرمایہ کاری کی مختلف شعبوں میں پیسہ لگاکر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اٹلی کے صحافیوں کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو میںکیا۔گورنر نے کہاکہ کراچی جغرافیائی لحاظ سے خطے میں اہم مقام رکھتا ہے۔ 95فیصد سے زائد ملکی برآمدات یہاں سے ہوتی ہے، جبکہ دنیا بھر کی ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی یہاں کاروبار کررہی ہیں۔ امن وتجارت سے سازگار حالات سے سرماریہ کاری سے آئیڈیل شہر بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ صحافیوں کے وفود کے تبادلے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ دریں اثنا وائس چانسلر جامعہ کراچی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان نے بھی گورنر سندھ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ نے گورنرکو چارے کی کاشت کیلئے کھارے پانی کا استعمال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہاکہ تھر میں کان کنی کے دوران کھلنے والے پانی کے استعمال سے چارے کی کاشت کا تجربہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور سال بھر میں چارے کی10سے 12فصلیں حاصل کی جارہی ہیں۔ گورنر سندھ نے بڑے پیمانے پر چارے کی کاشت کیلئے ورکنگ پیپر تیارکرنے کی ہدایت کی، تاکہ قحط زدہ خطے میں مکینوں کو ریلیف اور جانوروں و مویشیوں کو وافر مقدار میں چارہ مل سکے۔