کینیڈا میں سلپ ایئر ہوسٹس ساتھیوں کیلئے سہولت کار بن گئی

کراچی(رپورٹ:سید نبیل اختر) کینیڈا میں سلپ ہونے والی ایئر ہوسٹس ساتھیوں کیلئے سہولت کار بن گئی،نئی ایئر ہوسٹسز کو کینیڈا پہنچنے پر رہائش دلائی جاتی ہے،ابتدائی 3 ماہ تک چھپےرہنےکے علاوہ شہریت کے لئے دستاویزات تیار کروائے جاتے ہیں۔ ،ضمانتی بانڈ نہ لینے سے واقعات میں اضافہ ہونے لگا۔معلوم ہوا کہ رواں ماہ 11ستمبر کوپی آئی اے کی پروازسے ٹورنٹو پہنچنے والی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار فلائٹ سے اترنے کے بعد ہوٹل جانے کے بعد غائب ہو گئی،اس سلسلے میں پی آئی اے نے انکی مسنگ رپورٹ کینیڈین پولیس کوکی تاکہ ان کا سراغ لگایا جاسکے ۔دوسری جانب ضابطے کی کاروائی کے تحت پی آئی اے کے جی ایم یعقوب نعیم نے فریحہ مختار کو انکے گھر کے پتے پر شوکاز نوٹس بھجوا دیا ۔جس میں اطلاع دیئے بغیر ٹورنٹو میں غائب ہونے پر وضاحت مانگی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ نوٹس کا جواب نہ آنے کی صورت میں ان کے خلاف بر طرفی کی کاروائی کی جائے گی۔‘‘امت’’ کو معلوم ہوا ہے کہ پی آئی اے کی مذکورہ ایئر ہوسٹس موبائل فونز،کرنسی اسمگلنگ اور ادارے میں جعلی اسناد جمع کروانے کے الزام میں کئی سال معطل بھی رہی ہیں ،بعد ازاں انہیں سیاسی سفارش پر بحال کردیا گیا اور چند ماہ بعد ہی ان کی ٹورنٹو فلائٹ میں بطور فضائی میزبان ڈیوٹی بھی لگا دی گئی۔’’امت‘‘ کو ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں کینیڈا میں سلپ ہونے والی ایئرہوسٹس ماہرہ نے فریحہ کے لیئے ٹورنٹو میں تمام انتظامات مکمل کررکھے تھےاور فریحہ کے ٹورنٹو پہنچنے پر انہیں ہوٹل جانے سے پہلے ہی منصوبے کے مطابق کسی نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ فریحہ ان دنوں ماہرہ کے گھر میں ان کے ساتھ رہ رہی ہے ،جو وہاں مقامی ہوٹل میں ملازمت کرتی ہے،معلوم ہوا ہے کہ ماہرہ بھی اس سے قبل پی آئی اے میں بطور ایئرہوسٹس ملازمت کرتی تھی اور ایک دن ٹورنٹو کی فلائٹ سے کینیڈا پہنچنے کے بعد وہیں رک گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ایئر ہوسٹس وہاں سلپ ہونے کے بعد مقامی ہوٹل میں ملازمت اختیار کرتی ہیں اور ابتدائی تین ماہ انہیں ساتھی ایئرہوسٹس کے گھر میں پناہ دی جاتی ہے ،تاکہ اس دوران سیاسی پناہ کے لیئے تمام قانونی دستاویزات تیار کیئے جاسکیں۔ ’’امت‘‘ کو فلائٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ کی ایک خاتون افسر نے بتایا کہ فریحہ مختار کی سفارش کے لئے پیپلز یونٹی سے رابطہ کیا گیا تھا ،تاکہ ان کی ٹورنٹو فلائٹ لگوادی جائے تاہم یونین رہنما نے فریحہ کی ماضی کی کارکردگی پر فلائٹ کی سفارش کرنے سے انکار کردیا تھا ،بعدازاں جی ایم یعقوب نعیم نے نئے بننے والے روسٹر میں فریحہ مختار کا نام شامل کرکے اسے سلپ ہونے کا موقع فراہم کیا۔’’امت‘‘ نے مذکورہ معاملے پر پاکستان ایئر لائن کیبن کریو ایسوسی ایشن کے صدر نصر اللہ خان سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں سلپ ہونے والی ایئر ہوسٹس فریحہ مختار کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ ان پر جعلی ڈگری کا کیس تھا اور انہیں معلوم تھا کہ وہ ملازمت سے برطرف کی جاسکتی ہیں۔اسی بات کا فائدہ اٹھاکر فریحہ نے ٹورنٹو کی فلائٹ کی ڈیوٹی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس کا سلپ ہونا ملکی بدنامی کا سبب ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ اور حکومت کو سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔اہم ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے 2016میں کینیڈا میں سلپ ہونے کے واقعات کے بعد فیصلہ کیا گیا تھاکہ فلائٹ اسٹیورڈز اور ایئر ہوسٹسز کے سلپ ہونے کے واقعات کی روک تھام کے لیئے ان سے ضمانتی بانڈز بھروائے جائیں گے ‘اس سلسلے میں جی ایم یعقوب نعیم کو سفارشات تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی تاہم اس حوالے سے اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی ایئر ہوسٹسز کا کینیڈا میں سلپ ہونا معمول بنا ہوا ہے۔ امت کو پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ فریحہ مختار کو ضابطے کے مطابق شوکاز نوٹس جاری کیئے جاچکے ہیں اور پی آئی اے نے کینیڈین پولیس کو ایئرہوسٹس کی مسنگ کمپلین بھی درج کردی ہے ،ترجمان نے پی آئی اے پر جرمانے سے متعلق اطلاع کی تصدیق نہیں کی ان کا کہنا تھا کہ ایئرہوسٹس سے متعلق تمام تفصیلات کینیڈین پولیس کو بھجوا دی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment