کراچی(اسٹاف رپورٹر)بجلی نگر کے کارخانوں کی بندش سے20ہزار مزدوروں کے بے روزگار ہونے کے خدشات ہیں ۔کئی کارخانے بند ہونے پر مزدور دیگر شعبوں میں ملازمتیں ڈھونڈنے لگے ہیں ۔بجلی نگر کے کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ کارخانوں کو بجلی کی عدم فراہمی سے تنگ آ کر گھر کی کفالت کرنے کے لیے انہوں نے شیر شاہ،اتحاد ٹاؤن،سعید آباد،کورنگی،لانڈھی،نیو کراچی سمیت دیگر علاقوں کے کارخانوں کا رخ کر لیا ہے۔کئی کاریگروں نے کام نہ ملنے پر چنگچی رکشوں کی کنڈیکٹری شروع کر دی ہے اور کچھ کاریگر رنگسازی کے کام سے جڑ گئے ہیں اور دیگر دیہاڑی دار مزدور بن کر کام کی تلاش میں ہیں۔تاجر حاجی مصطفی نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ان کا پلاسٹک کے دانے بنانے کا کارخانہ ہے۔ اس دانے سے پلاسٹک کے بیگ سمیت دیگر چیزیں تیار ہوتی ہیں اور ان کے ہاں10سے زائد کاریگر کام کرتے ہیں جن کی یومیہ دیہاڑی ایک ہزار روپے ہے۔لوڈشیڈنگ اتنی زیادہ ہے کہ میں کسی کا بڑا آرڈر نہیں لے پا رہا۔ کام کم ہونے کی وجہ سے کاریگروں کو اجرت دینا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔میرے کچھ کاریگر اب شیر شاہ کے کارخانوں میں کام کر رہے ہیں۔ ’’امت‘‘ کو اسمال انڈسٹریز کے نائب صدر رضوان نصیر نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار تباہی کے دہانے پہنچ گیا ہے۔کاریگروں کو وقت پر تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے کاریگر مایوس ہو کر یہاں سے جا رہے ہیں۔