اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نادرا کی جانب سے ملک بھر میں ایک لاکھ سے زائد پشتونوں کے شناختی کارڈز بلاک کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک لاکھ سے زائد پشتونوں کے قومی شناختی کارڈز بلاک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ خیبر پختون میں ضم کئے گئے سابق قبائلی علاقاجات میں اس وقت 6 ہزار 824 شناختی کارڈ بلاک ہیں جب کہ ملک بھر میں پشتونوں کے مجموعی بلاک شناختی کارڈز کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار961 ہے۔وزیرمملک نے بتایا کہ شناختی کارڈز کو بلاک کیے جانے کی 6 اہم وجوہات ہیں، جن میں افغان مہاجرین، نامکمل دستاویزات، خاندانی تعلق اور غلط معلومات کا اندراج شامل ہیں۔شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم نے بڑے بڑے منصوبے شروع کیے مگر ملک کی چار دیواری کا نہیں سوچا، افغان طالبان کا سابق امیر ملا منصور ایران سے پاکستان میں داخل ہوا اور امریکی ڈرون کا نشانہ بنا، اس واقعے سے ملک کی بدنامی ہوئی۔ پہلے چمن میں 500 روپے تک دے کر شناختی کارڈ بنائے جاتے تھے، سابقہ حکومت نے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا تھا لیکن ہم اس ملک کو محفوظ بنائیں گے کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔