آسام(خبر ایجنسیاں) بھارتی بچے دیگچیوں میں سوار ہوکر دریا پار کرکے اسکول جانے پر مجبور ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق ریاست آسام کے ضلع بسوا ناتھ میں تعلیم کے شوق میں بچے روزانہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر المونیم کی بڑی دیگچیوں میں بیٹھ کر دریا پاراسکول جاتے ہیں اور اسی طرح واپس گھروں کو لوٹتے ہیں۔ بڑی دیگچیوں میں بیٹھنے کے بعد بچے اپنے ہاتھ چپو کے طور پر استعمال کرکےاپنی منزل تک پہنچتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک ویڈیو دنیا میں وائرل ہوگئی ہے، جس میں یونیفارم میں ملبوس ابتدائی جماعتوں کے بچے ”برتن کشتیوں“ میں تیرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تمام خطروں کے باوجود، بچے مہارت سے بڑے برتن کو کشتی کی طرح آگے لے جارہے ہیں، اس دوران ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بیگ اور کپڑے بھیگنے نہ پائیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دریا میں ایک چھوٹا جزیرہ نما ہے، جہاں کوئی پل نہ ہونے کی وجہ سے بچے مجبوراً اسی طریقے سے اسکول جارہے ہیں۔