بیٹی اغوا کرانے میں ملوث والدہ کو جیل۔ملزم کا ریمانڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے 12 ستمبر کو آٹھ ماہ کی فائزہ کے اغوا سے متعلق مقدمہ میں ملزمہ و بچی کی والدہ انیسہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ ملزم عمران کو 3 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ تفتیشی افسر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ نے خود اپنی آٹھ ماہ کی بچی ملزم عمران کے حوالے کرکے اغواء کا ڈرامہ رچایا۔ استدعا ہے کہ ملزمان کا سات روز کا ریمانڈدیا جائے ۔عدالت کے استفسار تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ بچی کی والدہ انیسہ اور عمران ہی ملزم ہیں ،ملزمہ اور عمران کا ویسے کوئی تعلق نہیں لیکن سی ڈی آر کے ڈیٹا سے معلوم ہوا ملزمہ کا عمران سے رابطہ تھا ۔ عدالت نے ملزم عمران سے استفسار کیا کہ تم نے بچی کو کیوں اغواء کیا جس پر ملزم کا کہنا تھا کہ میں نے اغواء نہیں کیا میں بے گناہ ہوں ۔ مجھے انیسہ نے بچی دی تھی ۔ کیوں کہ یہ بچی میری ہے۔ملزم کے دعوے پر عدالت نے بچی کے والد کو طلب کرلیا۔ بچی کے والد اسماعیل کا کہنا تھا کہ فائزہ میری بیٹی ہے، فائزہ سمیت میرے چار بچے ہیں ۔ عدالت نے مؤقف سننے کے بعد بچی اور والدین کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے ملزمہ انیسہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا جبکہ ملزم عمران کو 3 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے بچی کو والدہ انیسہ کے حوالے کرتے ہوئے جیل حکام کوہدایت جاری کی ہے کہ بچی کیلئے غذا کا انتظام کیا جائے۔

Comments (0)
Add Comment