حکومت غیرملکی پرندوں کے تحفظ سے غافل نہیں -سیکریٹری جنگلی حیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری تحفظ جنگلی حیات سہیل اکبر شاہ نے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی پرندوں کے تحفظ سے غافل نہیں ہے گشتی ٹیمیں غیر قانونی شکاریوں کیخلاف کارروائی کر رہی ہیں ۔’’امت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مہمان پرندوں کی آمد ستمبر سے ہی شروع ہو جاتی ہے جو مارچ کے وسط تک قیام کرتے ہیں اور اس دوران ان کی افزائش نسل بھی ہوتی ہے۔ حکومت رامسر کنونشن کے تحت ان پرندوں کی حفاظت سے غافل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی اور نایاب پرندوں اور بازوں کے تحفظ کے لئے گشتی پارٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو غیر قانونی شکاریوں کے خلاف کارروائی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باز کے شکار پر مکمل پابندی ہے اس کے لئے کوئی پرمٹ جاری نہیں کیا جاتا ۔ زندہ باز کی قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے شکاری مختلف حربے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ سندھ میں غیر ملکی پرندوں کی آمد کم ہو تی جا رہی ہے جس کی وجہ ماحولیاتی آلودگی کا بڑھنا ہے جس کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

Comments (0)
Add Comment