چنائی(امت نیوز) پاکستانی کھلاڑیوں عباس زیب، حارث قاسم اور محمد حمزہ خان نے ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں بالترتیب انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 ٹائٹلز جیت لئے، انس علی شاہ کو انڈر 13 فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہفتہ کو بھارت میں منعقدہ پچیسویں ایشین جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں کھیلے گئے بوائز انڈر 19 فائنل میں پاکستانی کھلاڑی عباس زیب نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ہانگ کانگ کے کھلاڑی چیونگ یاٹ لونگ کو 11-4، 11-3 اور 11-4 سے ہرا کر ایشین چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا، بوائز انڈر 17 فائنل میں پاکستانی کھلاڑی حارث قاسم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ملائیشین کھلاڑی محمد عامر کو سخت مقابلے کے بعد 10-12، 8-11، 11-9، 11-5 اور 11-9 سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔