ملیر پولیس کے آپریشن میں ڈکیت گروپ کے7 ملزم گرفتار-2فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملیر سٹی پولیس نے 50 سے زائد ڈکیتیاں کرنیوالے خطرناک 9 رکنی گروپ کے7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکلیں و چھینا ہوا سامان برآمد کرلیا،2ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزمان جن میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں، نے کئی افراد کو قتل اور زخمی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی پویس نے خفیہ اطلاع پر سموں گوٹھ ملیر ندی کے قریب کارروائی کرکے مقابلے کے بعد 7 ملزمان محمد انور، محمد علی عرف الو ، اللہ ڈنو ، رجب ، محمد بشیر ، نذیر اور توفیق کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ، چھینی ہوئی 3 موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا۔ ملزمان کے 2 ساتھی عثمان اور موسیٰ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محمد انور گروپ کا سرغنہ ہے جبکہ ملزم محمد علی عرف الو اور اللہ ڈنو سگے بھائی ہیں۔ انہوں نے دوران تفتیش شرافی گوٹھ کے مکین کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں کئی افراد کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل و زخمی کرنے کا اعتراف کیا ہے، ملزمان مذکورہ مقام پر مال کا بٹوارہ کررہے تھے کہ پولیس نے مخبر خاص کی اطلاع پر گرفتار کرلیا جبکہ 2 ملزم فرار ہوگئے۔ پولیس ملزمان سے تفتیش کررہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment