ڈالر مزید80پیسہ مہنگا قیمت127ہو گئی

کراچی (امت نیوز/خبر ایجنسیاں)روپے کے مقابلے میں ہفتہ کو ڈالر کی قدر مزید80پیسے بڑھ گئی۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 127 روپے ، جبکہ قیمت خرید 126 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔ ڈالر چھوٹی ایکس چینج کمپنیوں پر 127 روپے20 پیسے سے127 روپے40 پیسےمیں بیچا جا رہا ہے۔2دنوں میں ڈالر کی قدرمزید ایک روپیہ 20 پیسے بڑھ گئی ہے ۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے ملک میں مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اسٹیٹ بینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر26 کروڑ 86 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد 9 ارب 3 کروڑ ڈالرر ہ گئے جبکہ شیڈول بینکوں کے ذخائر ڈھائی کروڑ ڈالر اضافے سے 6.48 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ معاشی ماہرین نے کم ہوتے زرمبادلہ ذخائر کو ملکی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو وقت ادائیگیوں کے توازن و جاری کھاتے میں بحران کا سامنا ہے۔ برآمدات کی نمو کم، درآمدات بہت زیادہ ہیں۔ماضی کی نسبت برآمدات میں قدرے اضافہ اور بیرونی ترسیلات بھی بڑھی ہیں تاہم یہ اضافہ ناکافی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ جولائی و اگست میں تجارتی خسارہ 1.3فیصد کمی سے 6ارب16کروڑ70لاکھ ڈالر رہا ۔ برآمدی حجم3ارب 66 کروڑ30 لاکھ ڈالر رہا جبکہ درآمدات9 ارب 83 کروڑ ڈالر رہیں۔ماہرین کے مطابق پاکستان کو جلد از جلد اپنی معیشت میں بہتری لانے پر فوکس کرنا ہو گا ورنہ ملک مزید معاشی بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment