ساحلی آبادیوں کے مکین قلت آب کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہاکس بے و اطراف کی ساحلی آبادیوں میں کئی ماہ سے پانی بندش کیخلاف مشتعل علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا اور سڑک پر ٹائر جلائے، جس سے ہاکس بے روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے اور گریکس کالونی میں کئی ماہ سے پانی کی عدم فراہمی پر علاقے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا اور علاقہ مکین ہفتہ کی صبح مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور سڑک پر ٹائر نذرآتش کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی، جس کے نتیجے میں سڑک پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی اور بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی ماہ سے پانی فراہم نہیں کیاجارہا ہے اور علاقہ مکین ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کئی گھنٹے جدوجہد کے بعد مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی۔

Comments (0)
Add Comment