پولیس ٹریننگ سینٹر میں اندھی گولی سے زخمی طالبہ چل بسی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں قائم اسکول میں جمعہ کو اندھی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو نے والی طالبہ نے اتوار کو دوران علاج دم توڑ دیا۔ سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن حب ریور روڈ پر واقع پولیس ٹریننگ سینٹر میں قائم نجی اسکول میں کھیل کے دوران جمعہ کو نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والی 7 سالہ اقصی دختر محمد سلیم نے اتوار کی صبح قومی ادارہ برائے اطفال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔جس کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، پولیس نے بتایا کہ بچی کی گردن میں نائن ایم ایم پستول کی گولی نامعلوم سمت سے آکر لگی تھی جو کہ دل کے قریب جاکر پھنس گئی تھی اور گولی لگنے سے اس کے پھیپڑے شدید متاثر ہو ئے تھے، پولیس نے مزید بتایا کہ بچی کو ہفتے کو ہی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر کے وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا تھا اتوار کی صبح اس کو سانس لینے میں شدید دشواری ہو ئی اور اس نے دم توڑ دیا ،پولیس نے کہا کہ ہفتے کو پولیس نے والد سلیم کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا ،ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ گولی ایک گلی میں چلی تھی تاہم کس نے چلائی اور کیوں چلائی اس کا جواب تلاش کیا جارہا ہے اور جلد ہی ملزم کو گرفتار بھی کیا جائے گا ،جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملتے ہی قانونی کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے گی، بعدازاں بچی کی میت کو صدر میں واقع سرد خانے منتقل کردیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment