کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں کار سواروں نے پولیس اہلکار کو سر عام تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کر کےدہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا،جبکہ دو نامزد ملزمان کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے ڈیفنس صبا ایونیو خیابان شہباز پر گذشتہ صبح ساحل تھانے کا اہلکار بابر اعوان ڈیوٹی پرجارہا تھا کہ اچانک ایک کار سے اس کی موٹر سائیکل ٹکرا گئی جس پر کار سوارو ں اور بابر میں تلخ کلامی ہو گئی تاہم کار سواروں نےپولیس اہلکار بابر اعوان کو سر عام تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا ،واقعے کی اطلاع مددگار 15کو دی گئی جس پر بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر دو افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ دو فرار ہو گئے ۔تفتیشی انچارج انسپکٹر میر محمد لاشاری نے بتایا کہ پولیس اہلکار بابر کی مدعیت میں دہشت گردی ودیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے نامزد ملزمان حسن اور سندیپ کمار کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دو ملزم مفرور ہیں ،انہوں نے کہا کہ مدعی اہلکار کا تفصیلی بیان لیا جائے گا جس کے بعد تفتیش کی جائے گی تاہم ابتدائی تفتیش میں معمولی واقعہ سامنے آیا ہے جس کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میں کوئی بھی بااثر ملوث ہوا چھوڑا نہیں جائے گا۔دریں اثنا آئی جی سیدکلیم امام نے ڈی آئی جی ساؤتھ سےواقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحقیقات کو غیر جانبدارانہ بناتے ہوئے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔