لاہور-دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاک بھارت کرکٹ بورڈز کی قانونی جنگ آج سے دبئی میں شروع ہو گی ، بھارت کا معاہدہ کرنے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے سے پیدا ہونے والے تنازع کا حل آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کرے گی جس کی سماعت 3 روز جاری رہے گی۔آئی سی سی ہیڈ کوارٹرمیں ڈسپیوٹ ریزلوشن کمیٹی چیئرمین مائیکل بیلوف کی سربراہی میں کمیٹی کیس کی سماعت کرے گی اور کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی اسے کوئی فریق چیلنج نہیں کرسکے گا۔معاملے پر پاکستان نے اپنی قانونی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے، سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بھی بطور گواہ سماعت میں پیش ہوں گے ۔پی سی بی کا ماننا ہے کہ معاہدہ کی پاسداری بی سی سی آئی نے نہیں کی، بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ حکومت کی اجازت کے بغیر سیریز ممکن نہیں ۔پی سی بی نے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولشن کمیٹی میں 2014اور 2015میں سیریز نہ کھیلنے سے ہونے والے نقصان کے ازالے کے لیے 70ملین ڈالرز کا دعوی کیا ہوا ہے۔دوسری جانب بھارتی بورڈ کے سابق سربراہ انوراگ ٹھاکرکا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کو ایک دھیلا بھی پاکستان کو نہیں دینا چاہئے ۔