35 گاڑیاں چھیننے والا بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کا کارندہ گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اے سی ایل سی پولیس نے نارتھ کراچی میں کارروائی کرتے ہو ئے بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے اہم کارندے کو گرفتار کر کے کار برآمد کرلی، ملزم نے دوران تفتیش اپنے ساتھیوں کے نام اور 35 سے زائد گاڑیوں کے چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے خفیہ اطلاع پر نارتھ کراچی کے علاقے 4/K چورنگی کے قریب بابا موڑ پر کارروائی کرتے ہو ئے بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے اہم کارندے رحیم بخش کو گرفتار کر کے کار برآمد کرلی، ایس ایس پی منیر احمد شیخ نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ 2009سے گاڑیوں کی چھینا جھپٹی میں ملوث ہے اور اب تک 35سے زائد گاڑیاں چھین کر دوسرے صوبوں میں فروخت کر چکا ہے، ملزم نے مزید بتایا کہ اس کے ساتھیوں میں کامران چنا، آفتاب شیخ، ارسلان میرانی شامل ہیں اور ان کے ہمراہ درجنوں وارداتیں کی ہیں، ایس ایس پی نے کہا کہ ملزم کو اے سی ایل سی پولیس نے2017میں گرفتار بھی کیا تھا اس کے خلاف 5مقدمات درج ہیں تاہم ملزم ضمانت پر رہائی حاصل کرکے باہر آیا اور دوبارہ وارداتوں میں ملوث ہو گیا، پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment