کراچی(امت نیوز)ا سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ موبائل فون بینکنگ کے استعمال میں 195 فیصد اضافے سے گذشتہ مالی سال کے دوران 410 بلین روپے کی موبائل فون بینکنگ کی گئی۔مرکزی بنک کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 21بینک موبائل فون بینکنگ کی سہولت فراہم کرتے ہیں اور جون 2018میں اس سہولت کو استعمال کرنے والوں کی تعداد 34لاکھ تھی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ موبائل فون بینکنگ کا زیادہ استعمال ایک اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کے لیے کیا گیا۔ اس حوالے سےمجموعی طور پر ایک کروڑ8 لاکھ ٹرانزیکشنز کے ذریعے 186ارب 39 کروڑ64لاکھ روپے کا لین دین ہوا۔58لاکھ ٹرانزیکشنز ایک بنک سے دوسرے بنک میں ہوئیں جن کی کل مالیت 186 ارب 20 کروڑ تھی جب کہ ایک ہی بنک کے دوسرے اکاؤنٹس میں 50لاکھ ٹرانزیکشنز کی گئیں جن کا مجموعی حجم کروڑ 64لاکھ رہا۔موبائل فون بینکنگ کا استعمال یوٹیلیٹی بل کی ادائیگی کے لیے بھی بہت زیادہ کیا گیا جس کی ٹرانزیکشنز کی تعداد ایک کروڑ دس لاکھ تھی اور اس کا کُل حجم ساڑھے 10ارب بتایا جاتا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق ای بینکنگ چینلز جن میں آن لائن ٹرانزیکشنز، اے ٹی ایم، ای کامرس، انٹرنیٹ، موبائل فون اور کال سینٹرز بینکنگ میں کُل 656.4ملین ٹرانزیکشنز کی گئیں جن کی مالیت 47.4ارب روپے تھی۔ رپورٹ کے مطابق 2017کے مالی سال کے مقابلے میں 2018کے مالی سال میں فون بینکنگ کی تعداد میں 21فیصد جبکہ مالیت کے حساب سے 28فیصد اضافہ ہوا ہے۔پی ٹی اے کے مطابق 2018کی پہلی سہ ماہی میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد میں ایک کروڑ پانچ لاکھ کا اضافہ ہوا تھا۔