ہمبرگ(خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے لانے کے لیے جرمنی کے شہرہمبرگ میں گزشتہ روز کمیونٹی کارنیوال کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف ثقافتوں اور کمیونٹیز سےتعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں کارنیوال میں شرکت کی۔کشمیرکونسل ای یو اور کشمیر فری آرگنائزیشن جرمنی کے اشتراک سے کارنیوال میں متعدد ٹرک شامل ہوئے جن میں سے ایک ٹرک کشمیرکے لیےمخصوص تھا جس پر کشمیری پرچم اور کشمیریوں کے حق میں نعروں پر مبنی بینرز آویزاں تھے۔پریڈ نما جلوس مسلسل کئی گھنٹے ہمبرگ شہر کے مختلف علاقوں سے گزر کر اختتام پذیر ہوا۔ راستے بھرکشمیری نغمہ، ’’میں لے کے رہوں گا، آزادی، مجھے جان سے پیاری ، آزادی’’ گونجتا رہا۔ٹرکوں پر دنیا کے مختلف خطوں میں نسل پرستی اور انسانوں پر مظالم کے خلاف اور امن و آشتی کے حق میں بینرز آویزاں تھے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے اس موقع پر بتایا کہ ہمارا مقصد کشمیریوں پر ظلم و ستم کو دنیا تک پہنچانا ہے تاکہ ان مظالم کو روکا جاسکے اور مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہوسکے۔ کشمیرفری آرگنائزیشن کے صدر صدیق کیانی نے کہا کہ کارنیوال میں شامل کشمیریوں کے انسانی حقوق کے بارے میں بینرز سے آراستہ ٹرک کشمیریوں کی آواز کو یورپ کے لوگوں تک پہنچانے مدد دے گا ۔کاروان میں ورلڈ کشمیرڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد محمود جوشی اور کارنیوال کمیٹی کے رکن سمیع اللہ موجود تھے۔