راولپنڈی (اے پی پی )نئے ائرپورٹ تک شٹل سروس چلانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا،مسافروں کو ہوائی اڈے تک رسائی میں شدید مشکلات درپیش ہیں،نجی کمپنی کرایوں کی شرح پرراضی نہیں ہوئی،ٹرمینلزبنانے کے لیے اراضی کابھی مطالبہ کیا،دوسری جانب روات،کورال اورراولپنڈی سے نیوانٹرنیشنل ایئر پورٹ تک منی کوسٹر کے اجراء کے لیے ایک سے زائد کمپنیاں خواہش مند ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہوائی اڈے کی راولپنڈی سے منتقلی کے بعد جڑواں شہروں سے پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی اور مجوزہ شٹل سروس شروع نہ کیے جانے کی وجہ سے شہریوں کو نئے ہوائی اڈے تک رسائی میں شدید مشکلات درپیش ہیں اور شہری کئی گنا زائد کرایہ کی ادائیگی کے بعد نجی آن لائن کیب سروس یا دیگر ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ عوامی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیاکہ نیوانٹرنیشنل ایئر پورٹ تک مجوزہ شٹل سروس کے جلد اجراء کے لیے اقدامات کیے جائیں۔اس بارے میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی خالد یامین ستی نے بتایاکہ آرٹی اے نے اپنے ذمہ تمام انتظامات کوحتمی شکل دیدی تھی اوراس حوالے سے احکامات ملتے ہی شٹل سروس کا باقاعدہ اجراء کر نے کے لیے تیاریاں مکمل تھیں تاہم نجی بس کمپنی کے ساتھ معاملات طے نہ پا سکے۔ بسوں نے روات اور کورال چوک پوا ئنٹ سے نیو اسلا م آباد ائیر پو ر ٹ تک سفر کرنا تھا ۔اس سلسلے میں نجی بس سروس” فیصل موورز“ کا انتخاب کیا گیا تھا۔سیکر ٹری آر ٹی اے نے کہاکہ روات اور کورال سے نئے ہوائی اڈے کے روٹ پرہر 5کلو میٹر پر سٹیشنز بنا نے کا فیصلہ کیا گیا تھا تا کہ شہر یوں کو انتظا ر کی منا سب جگہ میسر ہوسکے ۔ انہوں نے مز ید بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک سٹیشن سے دوسرے سٹیشن (سٹاپ ٹو سٹاپ )تک کاکرایہ30روپے ر کھنے کی تجویز تھی۔اس حساب سے یہ کرایہ 6روپے فی کلومیٹر بنتا تھا تاہم کمپنی اس پر رضامند نہ ہوئی۔ریگولر کسٹمرز کے لئے 2500رو پے ما ہا نہ کے حساب سے کا ر ڈ بنا نے کی تجویز بھی زیر غور تھی ۔مجوزہ کارڈ کے بعد مسافر پو را مہینہ اس بس سروس کو ہر طر ح سے استعمال کر سکتے تھے ۔ذرائع نے بتایاکہ نجی بس کمپنی نے مبینہ طور پر معاہدے سے منحرف ہوتے ہوئے کرائے میں اضافہ اور مختلف مقامات پر ٹرمینلز کے قیام کے لیے کئی کنال اراضی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے مذکورہ روٹ پر بڑی بسوں کی کامیابی ممکن نہیں اس لیے 25سیٹر کوسٹرز چلائی جائیں تاکہ نہ تو ٹرانسپورٹرکو نقصان ہو اورنہ مسافروں کو دقت ہو۔اس ضمن میں ذرائع نے دعویٰ کیاکہ روات،کورال اور راولپنڈی سے نیوانٹرنیشنل ایئر پورٹ تک منی کوسٹر کے اجراء کے لیے ایک سے زائد کمپنیاں خواہش مند ہیں ۔