سکردو(نمائندہ امت) تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صوبائی صدر راجا جلال حسین مقپون نے گورنر گلگت بلتستان کی حثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔راجا جلال حسین مقپون سے حلف قائم مقام چیف جسٹس سپریم اپلیٹ کورٹ جسٹس جاوید اقبال نے لیا۔سلفیوں نے بدنظمی پیدا کردی ،تقریب کے مہمان ناراض ہوکر چلے گئے ،حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سمیت اعلی عدلیہ کے ججز، سول و عسکری حکام سمیت تحریک انصاف کے رہنماوں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔حلف برادری کے اختتام پر سلفیوں اور مبارکباد کے چکر میں کارکنان اور تقریب میں موجود لوگوں نے بدنظمی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد حلف برادری تقریب میں آئے ہوئے مہمان ناراض ہوکر چلے گئے۔ یاد رہے وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد گلگت بلتستان میں بھی تبدیلی کا آغاز ہوگیا تھا اور کچھ دنوں پہلے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے استعفیٰ دے دیا تھا۔