کراچی (امت نیوز) اوپن مارکیٹ میں ایک ٹی وی چینل کی خبر پر پھیلنے والی افواہوں سے ڈالر کی قیمت تین روز تک بڑھتی رہی ہے تاہم آج پیر کو ڈالر کی قدر میں کمی کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے فاریکس ڈیلرز کے مطابق ایک ٹی وی چینل کی اس خبر پر کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے ڈالر کی قیمت 135روپے تک پہنچانے کا وعدہ کرلیا ہے مارکیٹ میں افراتفری دیکھی گئی اور لوگوں نے دھڑا دھڑ ڈالر خریدنے شروع کردئیے فاریکس ایسوسی ایشن کے صدر ملک بوستان نے کہاکہ اس غیر مصدقہ خبر سے ڈالر 127روپے تک پہنچ گیا تھا ۔واضح رہے کہ عام انتخابات سے پہلے ڈالر 134روپے کی حد چھو چکا ہے ۔ تاہم الیکشن کے بعد اس میں 114روپے تک کمی ہوگئی تھی لیکن حالیہ دنوں میں ایک بار پھر ڈالر میں اضافہ دیکھا جارہاہے ۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت کو آئی ایم ایف کے حوالے سے واضح بیان دے دینا چاہیئے تاکہ افواہ سازوں کو کھیلنے کا موقع نہ ملے ۔ کرنسی ڈیلرز نے آج پیر کو ڈالر کی قدر میں استحکام یا کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔