کراچی(رپورٹ: نواز بھٹو)محکمہ ریونیو میں کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر ریونیو کی سفارش پر کمیٹی بنانے کے احکامات جاری کردئیے ۔ صوبائی وزیر کی نشاندہی پر چیف سیکریٹری نے کرپشن میں ملوث ایک آفیسر کا فوری تبادلہ کر کے محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے ریونیو کے صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان کی نشاندہی پر محکمہ ریونیو میں کروڑوں کی کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کے لئے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر نے چیف سیکریٹری کو لکھے خط میں محکمہ ریونیو میں ہونے والی کرپشن پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کچھ کرپٹ عناصر محکمے کے لئے ناسور بنے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر نے اپنے خط میں محکمہ ریونیو کے ایک گریڈ 17 کے افسر کا حوالہ دیتے ہوئے اس کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش بھی کی۔خط میں کہا گیا کہ مذکورہ افسرکروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہے ، جس کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔نہ صرف اس افسر کو ہٹایا جائے، بلکہ اس کے خلاف تحقیقات بھی کی جائے۔صوبائی وزیر کی ہدایت پر چیف سیکریٹری نے فوری کاروائی کرکے افسر کے تبادلے کا نوٹیفکیشن NO.SOV(SGA & CD)3-65/2015 جاری کر دیا اور اسے محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔افسر کے خلاف تحقیقات کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔