اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے پیش کی جانے والی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی جارحیت کا نمونہ ہے اور عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن اورحکومت کی متفقہ قرارداد مذمت منظور کرلی گئی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان اس جارحیت کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، چوہدری عبدالعزیز کے بھائی کی وفات پر تعزیت کیلئے گئے تھے اور تروڑی میں کنٹرول لائن کے نہایت قریب ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہےتھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ طے شدہ حد سے معمولی آگے چلا گیا جس پر بھارتی چوکی پر تعینات اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کردی۔دونوں افواج فوجی ہیلی کاپٹر کی ایل او سی کے نزدیک اڑنے کی اطلاع ایک دوسرےکو پیشگی دیتی ہیں لیکن گھبرائی ہوئی بھارتی فوج اور میڈیا نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے سول سفید سفری ہیلی کاپٹر کو پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بنا دیا۔خوش قسمتی سے بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں کوئی نقصان ہیں ہوا اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کو بحفاظت حویلی اُتار لیا گیا۔