2014کے دھرنے لندن پلان کاحصہ تھے-عوامی تحریک

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے اعتراف کیا ہے کہ 2014 کے دھرنوں کے پیچھے لندن پلان تھا۔ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خرم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان، پرویز الہیٰ اور چوہدری شجاعت حسین نے لندن میں طاہرالقادری سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کی حکومت کے خلاف ایک تحریک چلائی جائے گی تاکہ حکومت کو ہٹایا جا سکے۔واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ماضی میں لندن پلان کی حقیقت سے انکار کرتے رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ لندن پلان ہوا ہے لارڈز ٹیسٹ میچ کے حوالے سے، مجھے کوئی چھپانے کی چیز ہو تو میں لندن میں جا کر میٹنگ کروں یا تو میں نے کوئی خفیہ سازش کرنی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ آگے کیا ہو سکتا ہے یہ تو میں نہیں کہہ سکتا کیونکہ میری کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی لندن پلان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ لندن پلان کی کوئی حقیقت نہیں ہے، یہ حکومت کا پروپیگنڈا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں ملاقات سے انکار نہیں کروں گا، کیا سیاسی رہنما آپس میں ملتے نہیں ہیں؟خیال رہے کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے اس وقت کی حکومت کے خلاف اسلام آباد میں 126دن تک دھرنا دیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment