انتظامیہ – ٹینکر مالکان میں ذوالفقارآباد ٹرمینل پر معاملات طے پاگئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی محمد صالح فاروقی کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کے اجلاس میں انتظامیہ اور ٹینکر مالکا ن میں ذوالفقار ٹرمینل پر معاملات طے پا گئےہیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ اور سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمدیقینی بنایا جائے گا۔ ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کے تحفظات ختم کئے جائیں گے ۔ شیریں جناح کالونی کے ورکشا پ مالکان کوذوالفقار آباد آئل ٹرمینل پر پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے معاملے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائےگا۔ اجلاس میں مختلف ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندوں محمد اسلم نیازی، کیپٹن آصف، لئیق زادہ، رحیم یوسف زئی، خان دل نیازی، عمر شاہ ،محمد خان ترین اور دیگر نے شرکت کی۔ کمشنر کراچی صالح فاروقی نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو احکامات بھی جاری کئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرانے گڈز ٹرانسپورٹ اور بس اڈوں کے زیر التوا معاملات کو نمٹانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیو سسٹم کے خاتمے کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔تمام فلنگ کمپنیز کو ہدایات جاری کی جائیں گی ۔ واضح رہے کہ سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اس فیصلے سے وہ 6 ہزار ٹینکرز بھی کیو سسٹم سے فائدہ حاصل کر سکیں گے ،جن کو اوگرا حکام کے اعتراضات پر فلنگ کے حق سے محروم کر دیا گیا تھا۔ اجلاس میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کی بحالی اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی کی ٹریفک پولیس نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے آڑ میں ٹینکرز مالکان کی زندگی حرام کر دی ہے ۔ فلنگ اسٹیشن شیریں جناح کالونی میں ہونے کی وجہ سے فلنگ کے لئے آنے والے ٹینکرز کو روک کر 5 ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے اور 500 کی رسید دی جاتی ہے۔ شیریں جناح کالونی میں ورکشاپ مالکان کو گرفتار کیا جاتا ہے ۔کمشنر کو بتایا گیا کہ فلنگ کے لئے آنے والے ٹینکرز کو سروس کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل پر سروس کی سہولت موجود نہیں ہے جس پر کمشنر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی آڑ میں ٹریفک پولیس کی طرف سے کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات پر کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شیریں جناح کالونی کے ورکشاپس کے سروے میں رہ جانے والے ورکشاپ مالکان کو بھی متبادل اورکشاپس کے لئے پلاٹ الاٹ کئے جائیں گے ،جس کے لئے قرعہ اندازی کا طریقہ اختیار کیا جائے گا ۔سروے کے جائزے کے لئے فوکل پرسن بھی نامزد کیا جائے گا۔ کمشنر کراچی نے ٹرانسپورٹرز کو یقین دہانی کروائی کہ ذوالفقار آباد ٹرمینل میں ورکشاپس کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی اور ٹرانسپورٹرز کے تحفظات دور اورسہولیات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپس کے حوالے سے جلد ایک نقشہ تیار کیا جائے گا جس کے تحت شاپ کیپرز کو پلاٹ الاٹ کئے جائیں گے کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور ٹینکرز کو شیریں جناح کالونی یا کسی اور مقام پر پارک نہ کریں ۔

Comments (0)
Add Comment