نئی دہلی/اسلام آباد(امت نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبکیوں اورکنٹرول لائن کے قریب وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کے بعدوزیراعظم نریندرامودی نے بڑھکیں مارنا شروع کردیں اورکہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا بھر پور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔مودی سرکار نے گڑے مردے اکھاڑتے ہوئے الزامات پر مشتمل ایک خط بھی اسلام آباد میں سیکریٹری خارجہ کو بھجوایا ہے۔مغربی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندرا مودی نے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں عوام سے اپنے ماہانہ روایتی خطاب میں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان نے کوئی اشتعال انگیزی کی جس سے امن کو خطرہ لاحق ہوا تو ایسے اقدام پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ہمارے سپاہی کسی قسم کی اشتعال انگیزی کا پورا پورا جواب دینا جانتے ہیں اور خطے میں امن کو تباہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو لائن آف کنٹرول پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔حقائق سے عاری تقریر میں سرحدوں پر نفرتوں کے بیج بوتے ہوئے نریندرا مودی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت امن پر یقین رکھتا ہے اور امن کے قیام کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے لیکن اپنے ملک کی سلامتی اور عزت کا سودا نہیں کریں گے، سب سے مقدم ملک کا وقار ہے۔واضح رہے کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو بھارت نے ایک بار پھر اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی آرمی چیف کی جانب سے مسلسل گیڈر بھبکیوں اور ایل او سی پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کے بعد پیر کے روز بھارتی ہائی کمشنرکی جانب سے الزامات پر مشتمل خط بھی سیکریٹری خارجہ کو بھجوایا گیا ہے جس میں ممبئی حملوں،لشکر طیبہ سمیت مختلف نکات لکھے گئے اور مختلف نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں۔