خاندان سے جھگڑے پر وکیل نے دہشت گردی مقدمہ بنوادیا – 3 گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سٹی کورٹ میں وکیل نے جھگڑے پر خاتون کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرادیا۔ وکیل کو چپل مارنے والی خاتون نے الزام لگایا ہے کہ وکیل نے اس کے گریبان پر ہاتھ ڈالا تھا، مگر میں نے وکیل کا سر نہیں پھاڑا، وکیل نے خود کوئی چیز سر میں مار کر اپنا سر پھاڑا ہے، پولیس نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں موکل خاتون اور وکیل کے درمیان جھگڑا ہوگیا، اس دوران خاتون نے وکیل کا سر پھاڑ دیا۔ اس موقع پر موکل خاتون اور وکیل نے ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کردی۔ خاتون نے کہا کہ صاحب خان ایڈووکیٹ نے میرا گریبان پکڑا، جس پر میں نے اسے چپل سے مارا، مگر میں نے وکیل کا سر نہیں پھاڑا، وکیل نے خود کوئی چیز سر میں مار کر اپنا سر پھاڑا ہے۔ صاحب خان ایڈووکیٹ سٹی تھانے پہنچ گئے جہاں انہوں نے پولیس کو بیان دیا کہ خاتون نے سر پر کوئی چیز مار کر مجھے زخمی کیا ہے، تاہم تھانہ سٹی کورٹ پولیس نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے وکیل کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ الزام نمبر 146/18 درج کرکے واقعے میں ملوث 3 افراد آصف موجی، تہمینہ زوجہ آصف موجی اور اشفاق احمد خان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کئی سال سے جعلی پلاٹ کیس میں عدالت میں پیش ہورہی ہے۔

Comments (0)
Add Comment