شکیل آفریدی پر امریکہ ہماری عدالتوں کا احترام کرے – شاہ محمود

واشنگٹن /راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک،امریکا تعلقات میں بہتری کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکیل آفریدی پربات ہوسکتی ہے،امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہ محمود کا کہنا تھا کہ میں یہاں ڈالر یا امداد کی بات کرنے نہیں آیا، میں یہاں پاکستان اور امریکا کے کشیدہ تعلقات میں بہتری کے لیے آیا ہوں، جس کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہوگا۔ ہم کافی عرصے سے اتحادی رہے ہیں اور اب وقت ہے کہ مضبوط تعلقات کو دوبارہ اسے استوار کیا جائے۔پاکستانی قید میں موجود شکیل آفریدی کے معاملے پر وزیر خارجہ نے کہا کہ اس حوالے سے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بات ہو سکتی ہے، لیکن شکیل آفریدی کا مستقبل سیاست سے نہیں بلکہ عدالت سے جڑا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شکیل آفریدی کو قانونی عمل کے بعد سزا دی گئی۔ جس طرح ہم امریکی قانون کا احترام کرتے ہیں، امریکا کو بھی کرنا چاہیے۔انٹرویو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے پاکستان سے مسلسل دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، لیکن یہ ناانصافی ہے کہ پڑوسی ملک افغانستان میں عدم استحکام کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا جائے۔ان کا کہنا تھا، جب آپ مشکل میں ہوتے ہیں تو آپ قربانی کے بکرے تلاش کرتے ہیں۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ‘پاکستان، امریکا کی مدد اور معاونت کے لیے تیار ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امن اور استحکام ہمارے مفاد میں ہے۔یادرہے کہ پاک امریکہ وزرائےخارجہ ملاقات آج منگل کوہورہی ہے۔مائیک پومپیو سے طے شدہ ملاقات کے علاوہ ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وائٹ ہاؤس میں امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو مئی 2011 میں ایبٹ آباد میں عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی امریکا کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔دریں اثناتحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے کہا ہے کہ ممکن ہےاعتمادی سازی کے لیے اس طر ح کی بات کی گئی ہو،فی الوقت حتمی طورپرنہیں کہاجاسکتاکہ وزیرخارجہ نے کس تناظرمیں یہ بات کی۔پیپلزپارٹی کے رہنماقمرزمان کائرہ کاکہناتھاکہ شکیل آفرید کے معاملے پر جس قدرامریکی زوردے رہے ہیں اتناوہ کسی انسانی مسئلے پرنہیں لگاتے،یہ بات ظاہرکرتی ہے کہ بندہ ان کاہے۔نوازلیگ کے رہنمانہال ہاشمی نے کہاکہ شاہ محمودنے اس پربات کرناتھی تواسمبلی میں کرتے ،شکیل آفریدی امریکی جاسوس اورمجرم ہے اسے امریکہ کے حوالے کیسے کیاجاسکتاہے۔

Comments (0)
Add Comment