عمر اکمل کو پی ایس ایل سے دور رکھنے کا امکان

اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے عمر اکمل کو پی ایس ایل سے دور رکھے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کو ایونٹ سے باہر کرنے کا زمہ دار عمر اکمل کو ہی ٹھرایا جارہا ہے۔جس کے باعث اس بار اکتوبر میں شیڈول پی ایس ایل ڈرافٹنگ میں کوئی بھی فرنچائز انہیں خریدنے کیلئے تیار نہیں ہے۔دوسری جانب فکسنگ انکشافات کے سبب انکا گھیرا مزید تنگ ہوچکا ہے ۔ عمر اکمل کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے کیس کے حوالے سے انٹرنیشنل جنرل مینیجر اینٹی کرپشن یونٹ ایلکس مارشل نے کہاہے کہ عمر اکمل کی فائل بند نہیں ہوئی ہے اور ان کے خلاف تحقیقات ابھی جاری ہیں۔واضح رہے کہ رواں برس جون میں عمر اکمل نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں 2015 کے ورلڈ کپ میں میچ فکس کرنے اور دو گیندیں نہ کھیلنے پر دو لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ جب بھی میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کھیلتا مجھے پیشکش کی جاتی تھی کہ میچ نہ کھیلوں اس کے عوض مجھے پیسوں کی پیشکش کی جاتی تھی لیکن میرا سٹے بازوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں اپنے ملک کیلئے کھیلنا چاہتا ہوں تاہم عمر اکمل نے یہ نہیں بتایا تھا کہ انہوں نے ان پیشکشوں کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو دی تھی یا نہیں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو سٹے بازوں کی جانب سے پیشکش ہوتی ہے تو اسے اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو کرنا ہوتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment